یہ 2015ء کی بات ہے میرے تیسرے بچے کی پیدائش قریب تھی۔ہمارے معاشی حالات بہت اچھے تھے۔شوہر کا کاروبار اچھا چل رہا تھا‘ گھر میں کسی چیز کی کمی نہیں تھی ۔ہماری زندگی ہر طرح سے خوش حال تھی۔ہم سب گھر والے نئے مہمان کے آنے کی خوشی میں سرشار تھے۔ ہنستا بستا گھر نظر بد کی نذر ہو گیا! جب مجھے حمل ٹھہرا تھا اس کے بعد دو یا تین ماہ تک تو میرے شوہر کا کاروبار عروج پر تھا۔مال و دولت اور نعمتوں کی کوئی کمی نہیں تھی لیکن اچانک سے ہمارا زوال شروع ہو گیا‘ لوگوں کی بُری نظراور حسد کی وجہ سے ہماراسب کچھ ختم ہو گیا۔ شوہر کا کاروبار ٹھپ ہو گیا‘ کام آنا بند ہو گیا۔ گھر کی چیزیں بکنا شروع ہو گئیں۔ آخر گھر بھی خالی ہو گیا ۔آخر کب تک گھر کی چیزیں بیچ کر گزارا کرتے۔پھر فاقوں تک بھی نوبت آ گئی میں حمل سے تھی اور گھر میں کچھ کھانے کو نہیں ہوتا تھا ‘ میرے دو چھوٹے بچے بھوک سے بلکتے تھے۔ زندگی میں اتنا برا اور مجبوری کا وقت اللہ کسی کو نہ دکھائے۔ہمارے گھر کا عالم یہ تھا کہ ہمارے پاس ایک وقت کا کھانا بھی میسر نہیں تھا۔ ایک حمل تو دوسری طرف فاقے اور تیسری طرف دو چھوٹے بچے کھانے کو ترستے‘ بس کچھ بیان نہیں کر سکتی کہ وہ دن کیسے کٹے؟ کیسے میں نے رو رو کے وہ وقت گزارا۔ لیکن ان حالات میں بھی اللہ پاک سے امید نہیں چھوڑی ۔انہی دنوں مجھے موبائل پر ایک میسج ملا جو کہ میری ایک دوست کا تھا وہ عبقری تسبیح خانہ سے نسبت رکھتی تھی۔ اس میسج میں غیبی رزق پانے کے لئےایک عمل بتایا گیا تھا۔ مالدار بننے کا فیصلہ کن عمل وہ عمل اس طرح سے ہے کہ جمعہ کے روز نماز مغرب اور نماز عشا کے درمیان گیارہ بار سورۃ الفاتحہ، گیارہ بار سورۃ الکوثر، گیارہ بار سورۃ الاخلاص پڑھنی ہے‘ اس عمل کی فضیلت میں لکھا تھا کہ ان سورتوں کے پڑھنےسے اللہ تعالیٰ اگلے جمعہ تک پورے ہفتے کے رزق کا غیب سے انتظام کردے گا۔ ان دنوں پریشانی‘ غربت ‘تنگدستی اور فاقوں کی انتہا تو پہلے سے تھی‘ میں نے وقت ضائع کیے بغیر عمل پڑھنا شروع کر دیا۔ جب بھی جمعہ کا دن آتا میں یہ عمل کرلیتی۔ یقین جانئے اللہ تعالیٰ نے اس عمل کی برکت سے ہم پررزق کی بارش کر دی۔اللہ ہمارے اتنا قریب ہے۔ اللہ کی طرف سچے دل سے متوجہ ہو کر دیکھیں وہ کیسے ہماری دعائیں سنتا ہے۔ ہم گناہگاروں کو دو وقت کا کھانا بھی میسر نہیں تھا‘ لوگ ادھار بھی نہیں دیتے تھے اور اب یہ عالم ہے کہ اللہ تعالیٰ اس عمل کی برکت سے ہمیں وسیع دسترخوان اور نعمتوں سے نواز رہا ہے اللہ کا شکر ہے وہ ہم غافلوں کو بھی دیتا ہے۔ یہ سب اسی کا کرم ہے کہ ہم بے عملوں کو عطا کر دیتا ہے۔(کوثر نذیر‘قصور)
حضرت حکیم محمد طارق محمود مجذوبی چغتائی (دامت برکاتہم) فاضل طب و جراحت ہیں اور پاکستان کونسل سے رجسٹرڈ پریکٹیشنز ہیں۔حضرت (دامت برکاتہم) ماہنامہ عبقری کے ایڈیٹر اور طب نبوی اور جدید سائنس‘ روحانیت‘ صوفی ازم پر تقریباً 250 سے زائد کتابوں کے محقق اور مصنف ہیں۔ ان کی کتب اور تالیفات کا ترجمہ کئی زبانوں میں ہوچکا ہے۔ حضرت (دامت برکاتہم) آقا سرور کونین ﷺ کی پُرامن شریعت اور مسنون اعمال سے مزین، راحت والی زندگی کا پیغام اُمت کو دے رہے ہیں۔ مزید پڑھیں